حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، این ڈی اے پلگرم انڈیا کے صدر، سماجی و دینی شخصیت سید قمر عبّاس نقوی نے عالمی حالات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران پر اسرائیل کی حالیہ فوجی جارحیت اور امریکہ کی جانب سے ولی فقیہ رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای حفظہ اللہ کے قتل کی دھمکیاں نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں، بلکہ یہ اقدامات عالمی امن، مذہبی احترام اور انسانی وقار کے خلاف خطرناک چیلنج ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای نہ صرف ایران بلکہ دنیائے اسلام کے ایک باوقار، بااثر اور امن پسند مذہبی رہنما ہیں، جن کی قیادت میں ایران نے ہمیشہ مظلوموں کی حمایت، فلسطینی عوام کی وکالت اور عالمی سامراج کے خلاف حق و صداقت کی آواز بلند کی ہے۔ ایسے رہنما کے خلاف قتل کی کھلی دھمکی دنیا کو کسی نئی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کرے گی۔
سید قمر عبّاس نقوی نے کہا کہ ایران پر حملے صرف ایک ملک پر حملہ نہیں، بلکہ عالمی حریت، خودمختاری اور آزادیِ رائے پر حملہ ہیں۔ انہوں نے اس موقع پر عالمی اداروں، انصاف پسند اقوام، اقوام متحدہ، او آئی سی اور بالخصوص حکومتِ ہند سے اپیل کی کہ وہ ان جارحانہ اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے علاقائی امن کے تحفظ کے لیے فوری اقدام کریں۔
انہوں نے وزیر اعظم عزت مآب نریندر مودی جی سے خصوصی طور پر گزارش کی کہ وہ بھارت کی تاریخی امن پسند اور غیر جانب دارانہ پالیسی کے تحت نہ صرف ان حملوں کی مذمت کریں بلکہ سفارتی ذرائع سے اسرائیل اور امریکہ پر دباؤ ڈالیں کہ ایران کے خلاف فوجی و فکری جارحیت کو فی الفور بند کیا جائے۔
بیان کے آخر میں سید قمر نقوی نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ کھڑے ہیں، کیونکہ ایران مظلوموں کی حمایت اور ظلم کے خلاف استقامت کی علامت ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای پر کوئی بھی حملہ، دنیا بھر کے امن پسند اور باایمان انسانوں کے ضمیر پر حملہ سمجھا جائے گا، جس کا ردِعمل صرف ایران ہی سے نہیں، بلکہ عالمی بیداری کی صورت میں سامنے آئے گا۔









آپ کا تبصرہ